ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہمارے ساتھ آجائیں،کانگریس کی نتیش کمارکوپیش کش

ہمارے ساتھ آجائیں،کانگریس کی نتیش کمارکوپیش کش

Tue, 29 Dec 2020 00:29:24    S.O. News Service

پٹنہ28دسمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) اروناچل پردیش میں جے ڈی یوکو بی جے پی کی طرف سے ملنے والے زخموں کوتازہ کرنے میں اپوزیشن پارٹی پیچھے نہیں ہٹ رہی ہے۔ اتوارکے روز آر جے ڈی نے زخم پر نمک چھڑکنے کا کام کیا ، پھر پیر کو کانگریس نے نتیش کمار کو ساتھ آنے کی دعوت دی۔

آر جے ڈی نے کہاہے کہ بی جے پی نے اروناچل پردیش میں جے ڈی یو کو کرسمس کا تحفہ دیا ہے۔ دو دن پہلے تیج پرتاپ یادو نے یہاں تک کہاہے کہ بی جے پی جے ڈی یوکومکمل طور پر ختم کردے گی۔ اب اسمبلی میں کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے رہنمااجیت شرما نے کہا ہے کہ نتیش کمار کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ کیا کرنا ہے ، کیا نہیں کرنا ہے۔ اگر وہ چاہیں تو وہ ہمارے ساتھ آسکتے ہیں ، وہ پہلے بھی ساتھ تھے۔ ان کا ہمیشہ استقبال ہوتا ہے۔جے ڈی یو کے چھ ممبران اسمبلی اروناچل میں بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد بہار میں جے ڈی یو اور بی جے پی کے درمیان فاصلہ اوربڑھ گیاہے۔ اس معاملے پر جے ڈی یو کے بہت سارے رہنما یہ کہہ رہے ہیں کہ بہار میں اتحاد پر کوئی اثر نہیں ہے۔ لیکن ، نتیش کمار کے بیان نے یہ واضح کردیاہے کہ اندرونی طورپرسب کچھ ٹھیک نہیں چل رہا ہے۔

جے ڈی یوکی قومی ایگزیکٹو میٹنگ کے بعد نتیش کمار کو یہ کہنا پڑا کہ وہ وزیراعلیٰ بننانہیں چاہتے تھے۔ انہوں نے بی جے پی کی درخواست پر یہ عہدہ سنبھال لیا ہے۔ تاہم جے ڈی یوکے قومی صدر منتخب ہونے کے بعد آر سی پی سنگھ نے فوری طور پر کہا کہ کسی کو بھی پیٹھ پر چھرا گھونپنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ان کا اشارہ بی جے پی کی طرف تھا۔


Share: